بھارتی پائلٹ نے برانڈ نیو طیارے کو کھمبے سے ٹکرا کراپاہج بنا دیا

سوال یہ ہے جو پائلٹ کھڑا کھمبا نہیں دیکھ سکتے، وہ آسمان کی بلندیوں میں مسافروں کی زندگیوں کی حفاظت خاک کریں گے۔

September 5, 2026 · بام دنیا
فوٹو بھارتی میڈیا

فوٹو بھارتی میڈیا

سری نگر: بھارتی ایوی ایشن کی نالائقی نے ایک بار پھر شرمندگی کی آگ بھڑکا دی۔

ممبئی سے بڑی شان و شوکت سے اڑان بھرنے والی انڈیگو ایئر کی پرواز 6E-225 جیسے ہی مقبوضہ کشمیر کے سری نگر ایئرپورٹ پر اتری، تو شاید پائلٹ کو اپنی مہارت سے زیادہ اپنی غفلت پر ناز تھا۔ صرف چار ماہ پہلے آسمان کی زینت بننے والا، شیشے کی طرح چمکتا ہوا برانڈ نیو “ایئر بس A321” پائلٹ کی شاہکار ڈرائیونگ کی وجہ سے سیدھا پارکنگ کے رہنما کھمبے میں جا گھسا۔

جس سسٹم (ویژول ڈاکنگ گائیڈنس) نے پائلٹ کی آنکھیں بن کر اسے راستہ دکھانا تھا، پائلٹ نے اسی کے لیزر سینسرز اور ڈسپلے یونٹ کو روندھ دیا۔ صبح کے 9:02 بجے، جب مسافر منزل پر پہنچنے کی خوشی منا رہے تھے، ایک زوردار جھٹکے نے طیارے کا نوز کون (ناک) تباہ کر دیا اور کروڑوں کے نئے نویلے طیارے کو اپاہج بنا کر سری نگر کی زمین پر گراؤنڈ کر دیا۔

دنیا بھر میں ایک بار پھر بھارتی پائلٹس کی اس نام نہاد “مہارت” پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ قدرت کا احسان رہا کہ بے گناہ مسافر اور عملہ اس حماقت کی بھیٹ چڑھنے سے بال بال بچ گئے اور انہیں عام سیڑھیوں کے ذریعے باہر نکالنا پڑا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ جو پائلٹ کھڑا کھمبا نہیں دیکھ سکتے، وہ آسمان کی بلندیوں میں مسافروں کی زندگیوں کی حفاظت خاک کریں گے۔