پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز میں امریکی بحری ڈرون کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ریموٹ سے چلنے والا امریکی بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایک محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، جس کے بعد پاسداران انقلاب کی بحریہ نے اسے نشانہ بنایا۔

September 6, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ایک امریکی بغیر پائلٹ بحری جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق ریموٹ سے چلنے والا امریکی بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایک محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، جس کے بعد پاسداران انقلاب کی بحریہ نے اسے نشانہ بنایا۔

یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں مبینہ طور پر غیر مجاز راستے سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں اور دیگر علاقوں میں امریکا سے منسلک تین بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

ایران نے ان کارروائیوں کو امریکی افواج کی جانب سے ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کے جواب سے تعبیر کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی فورسز نے تین ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا، جبکہ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس سے قبل امریکی بحری جہازوں کو ایرانی میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور عالمی توانائی کی ترسیل بھی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔