ن لیگ اتحادیوں کو خوش کرے، سندھ کو قربانی کا بکرا نہ بنائے: شرجیل میمن
پیپلز پارٹی وفاق کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
فائل فوٹو
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے اتحادیوں کو خوش ضرور کرے، تاہم سندھ کو سیاسی تنازعات میں قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ خواجہ آصف کا بیان حکومتی پالیسی کا حصہ ہے یا ان کی ذاتی رائے۔ انہوں نے وفاقی وزرا کی جانب سے سندھ اور پیپلز پارٹی سے متعلق بیانات کو صوبے کے خلاف سیاسی جارحیت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو سندھ اور پیپلز پارٹی کے بارے میں گفتگو کرنے سے قبل تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا جائزہ لینا چاہیے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی کا مؤقف دو رخی نہیں بلکہ واضح، اصولی اور آئینی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے حق میں دو مرتبہ قرارداد منظور کر چکی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی صوبے کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف آٹھ مرتبہ قراردادیں منظور کر چکی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
دوسری جانب خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سرائیکی صوبے کی حمایت کرتی ہے، تاہم انتظامی یونٹس کی بات آنے پر سندھ کے معاملے کو مختلف انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی مبینہ دوہری پالیسی پر وقت آنے پر بات کرنے کا عندیہ دیا تھا۔