ایران:آئل ٹینکر حادثے میں 11 افراد جاں بحق، 7 زخمی
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو اور طبی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
ایران کے مغربی علاقے میں ایندھن سے بھرے ٹینکر کو پیش آنے والے خوفناک حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حادثہ سنندج اور ہمدان کے درمیان شاہراہ پر پیش آیا، جہاں ہمدان سے مریوان جانے والا ایندھن بردار ٹینکر بریک سسٹم میں خرابی کے باعث بے قابو ہوگیا۔ حادثے کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی اور اس کی زد میں دیگر گاڑیاں بھی آگئیں
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو اور طبی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حادثے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی وجوہات اور حادثے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔