یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں پروقار تقریب
یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں,پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہدا پر حاضر ہو کر تمام شہدا کو شاندار الفاظ میں سلامی پیش کی۔
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی:یومِ دفاع و شہداء کے مبارک موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پروقار اور پرعظمت تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
جی ایچ کیو میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہدا پر حاضر ہو کر تمام شہدا کو شاندار الفاظ میں سلامی پیش کی۔
ایڈجوٹنٹ جنرل پاکستان آرمی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کے اعتراف میں پھولوں کی چادر رکھی۔
تقریب کے دوران ایڈجوٹنٹ جنرل نے شہداء کے اہلخانہ سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ایڈجوٹنٹ جنرل نے شہداء کے لواحقین کے مسائل توجہ سے سنے اور پاک فوج کی جانب سے ان کے حل اور ہر ممکن تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی۔
تقریب کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے کی جانے والی خصوصی دعاؤں پر ہوا۔