راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نرس پر مبینہ تشدد کے خلاف عملے کی ہڑتال
تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم
فائل فوٹو
راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں مریضہ کے چیک اپ کے دوران لواحقین اور چارج نرس کے درمیان مبینہ تلخ کلامی اور بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا۔تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی۔
اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جب چارج نرس سیتارہ سلیم نائٹ ڈیوٹی پر موجود تھیں۔
شکایت کے مطابق مریضہ زرمن بی بی کے ہمراہ موجود لواحقین نے چارج نرس سے مبینہ بدسلوکی، گالم گلوچ اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا۔ نرس پر ہاتھ اٹھانے اور کپڑے پھاڑنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔واقعے کے خلاف اسپتال کے عملے نے آج صبح ہڑتال کی کال دی، جس کے دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث لواحقین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی سی سی ٹی وی فوٹیج، سیکیورٹی لاگز، ڈیوٹی روسٹرز اور دیگر ریکارڈ کا جائزہ لے گی ۔ متعلقہ افسران اور عملے کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے۔
حکم نامے میں اسپتال انتظامیہ، سیکیورٹی اور نائٹ ڈیوٹی پر موجود متعلقہ افسران کے کردار کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی غفلت یا سیکیورٹی لیپس کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔