لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی۔خاتون سمیت3 کارکن متاثر

حالت غیر ہونے والی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا

September 7, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع پرانے کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے سے دو مرد اور ایک خاتون ورکر کی حالت غیر ہوگئی۔

 

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ای پی زون میں فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دے کر مزید فائر ٹینڈر طلب کرلیے گئے۔ اس وقت کے ایم سی کے 11 فائر ٹینڈر، دو باؤزر اور ایک اسنارکل آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، مزید فائر ٹینڈرز بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔

 

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ ابتدا میں گراؤنڈ فلور پر لگی، پھر بالائی دو منزلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ سے نکلنے والا دھواں شدید نوعیت کا ہے، اس لیے باہر رہتے ہوئے فائر فائٹنگ کی جارہی ہے۔ریسکیو حکام نے فیکٹری کی عمارت کو مخدوش قرار دے دیا۔

 

سیکیورٹی گارڈ کے مطابق دھواں نکلتے ہی فیکٹری میں موجود ملازمین باہر آگئے تھے۔حالت غیر ہونے والی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ای پی زون سیکیورٹی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دیگر کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کو داخل ہونے سے روک دیا۔

 

ایس ایس پی ملیر کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، فیکٹری میں موجود تمام ورکرز کو آگ پھیلنے سے پہلے نکال لیا گیا تھا، جبکہ آگ کی شدت پر فائر بریگیڈ حکام قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔پولیس افسر نے بتایا کہ فائر فائٹنگ کے علاوہ کوئی دوسرا چیلنج درپیش نہیں، متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑے کا ذخیرہ موجود تھا۔

 

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

 

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سندھ رینجرز کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔ واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ رینجرز کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔رینجرز کے اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے عملے کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

 

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق متاثرہ عمارت کے گرد کارڈن کرکے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔

 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی میں کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے فیکٹری میں موجود افراد کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ انتظامیہ سے آتشزدگی کی صورتحال کی رپورٹ طلب کرلی۔