سعودی عرب نے متعدد علاقوں کو فضائی حملوں اور کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا، حوثیوں کا الزام

حوثی کارروائی کے آغاز کے بعد سے حوثیوں اور یمنی حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد سینکڑوں تک پہنچ چکی ہے۔

September 7, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

صنعا:حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن کے مختلف علاقوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

حوثیوں کے خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے ’صوبہ الجوف، البیضا، مأرب اور تعز میں مختلف مقامات کو فضائی حملوں اور کروز میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

خیال رہے حوثیوں نے آبنائے باب المندب سے متصل علاقوں پر قبضے کے لیے ایک کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

گذشتہ جمعرات کو حوثی کارروائی کے آغاز کے بعد سے حوثیوں اور یمنی حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد سینکڑوں تک پہنچ چکی ہے۔

حوثی، جو خود کو انصار اللہ کہتے ہیں، ایران کے اتحادی ہیں اور یمن کی حکومتی افواج کے خلاف برسرِ پیکار ہیں، جنہیں سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے۔

حوثیوں کا شمالی یمن، بحیرۂ احمر کا ساحلی علاقہ اور دارالحکومت صنعاء پر کنٹرول ہے۔

یمنی صدارتی قیادت کونسل، جسے بین الاقوامی برادری تسلیم کرتی ہے، مشرقی یمن، جنوبی ساحلی پٹی اور بندرگاہ عدن پر کنٹرول رکھتی ہے۔