نئے صوبوں کا فیصلہ وفاق کی یکجہتی کے خلاف ہوگا،بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی چیئرمین کا نئے صوبوں پر اٹھارویں ترمیم جیسی مشاورت کرنے کا مطالبہ

September 7, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے نئے صوبوں کے معاملے پر اٹھارویں ترمیم جیسی مشاورت کا مطالبہ کردیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جلد بازی میں صوبوں کے قیام کا فیصلہ وفاق کی یکجہتی کے خلاف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں عوامی نمائندوں اور عوام کی مرضی کے بغیر تقسیم سے پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، جبکہ صوبوں کے قیام کے لیے متنازع قانون سازی نہیں ہونی چاہیے۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کئی قسم کے بحرانوں کی زد میں ہے اور بحران بڑھ رہے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم میں بھی پیسوں کا مسئلہ ہے، صوبوں کا وفاق پر اعتماد متاثر ہوا ہے، جبکہ 26ویں اور 27ویں ترمیم کے باعث اتفاق نہیں رہا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کابینہ نے نئے صوبے بنانے کا فیصلہ کیا ہے؟ کیا پنجاب اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی نے بل منظور کیا ہے کہ صوبے بنائے جائیں؟ ن لیگ کی پارٹی پالیسی بھی خاموش ہے۔