امریکی دباؤ کے باوجود روس کا بھارت کو تیل دینے کا اعلان

ماسکو بھارت کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسے مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

September 8, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

روس نے امریکی ٹیرف اور ممکنہ پابندیوں کے دباؤ کے باوجود بھارت کو خام تیل کی فراہمی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بھارت میں تعینات روسی سفیر ڈینس علیپوف نے کہا ہے کہ ماسکو بھارت کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسے مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

روسی سفیر نے امریکی پابندیوں اور ٹیرف کے ممکنہ اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک تعاون کے بجائے دباؤ ڈالنے کی پالیسی اختیار کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اسی وجہ سے وہ بھارت کو روسی تیل کے مقابلے میں بہتر متبادل پیش کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

ڈینس علیپوف کا کہنا تھا کہ روسی تیل کی فراہمی روکنے یا محدود کرنے کی صورت میں عالمی توانائی کی منڈیوں پر شدید دباؤ پڑ سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس ہوں گے۔

روس اور بھارت کے درمیان توانائی کا تعاون حالیہ برسوں میں نمایاں طور پر بڑھا ہے، جبکہ روسی خام تیل بھارت کی درآمدات میں اہم حصہ رکھتا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 میں بھی روس بھارت کو خام تیل فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں سرفہرست رہا۔