ایران تعاون کرے تو جنگ کا خطرہ کم ہوسکتا ہے:رافائل گروسی

اگر ایران آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون بڑھاتا ہے تو خطے میں دوبارہ جنگ چھڑنے یا کشیدگی میں مزید اضافے کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

September 8, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے کہا ہے کہ قرارداد کا نتیجہ کچھ بھی ہو، ایران کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ ایجنسی کے ساتھ تعاون کا راستہ اختیار کرے۔

پریس کانفرنس کے دوران ایران کے جوہری معاملے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھیجے جانے کے ممکنہ اثرات سے متعلق سوال پر رافائل گروسی نے براہِ راست جواب دینے کے بجائے ایران پر ایجنسی کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

گروسی کے مطابق اگر ایران آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون بڑھاتا ہے تو خطے میں دوبارہ جنگ چھڑنے یا کشیدگی میں مزید اضافے کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے مثبت پیش رفت کا تیز ترین راستہ یہی ہے کہ وہ ایجنسی کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرے اور سکیورٹی و رازداری سے متعلق خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے معائنہ ٹیموں کو ضروری رسائی فراہم کرے۔

آئی اے ای اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون کی صورت میں مغربی ممالک بھی اس عمل کی حمایت اور تحفظ کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں، جس سے جنگ کے بجائے سفارتی حل اور امن کی جانب پیش رفت ممکن ہوگی۔

گروسی نے واضح کیا کہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مؤثر تعاون نہ صرف جوہری معاملے پر پیش رفت کا ذریعہ بن سکتا ہے بلکہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔