چوری سے بچانے کیلئے مالک نے نئی گاڑی چھت پر پہنچا دی

گاڑی کے مالک منوج یادو اسرائیل میں ملازمت کرتے ہیں اور انہوں نے نئی گاڑی اپنی غیر موجودگی میں ایک ڈرائیور کے حوالے کر رکھی تھی۔

September 8, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا ( انسٹا گرام)

فوٹو سوشل میڈیا ( انسٹا گرام)

بہار: بھارتی ریاست بہار کے شہر گوپال گنج میں ایک شخص نے اپنی نئی گاڑی کو چوری سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسا انوکھا طریقہ اختیار کیا کہ گاڑی کو گھر کی دوسری منزل پر پہنچا دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کرین کی مدد سے مہندرا اسکارپیو کلاسک کو زمین سے اٹھا کر انتہائی احتیاط کے ساتھ گھر کی چھت پر منتقل کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق گاڑی کے مالک منوج یادو اسرائیل میں ملازمت کرتے ہیں اور انہوں نے نئی گاڑی اپنی غیر موجودگی میں ایک ڈرائیور کے حوالے کر رکھی تھی۔

تاہم ڈرائیور کے وہاں سے چلے جانے کے بعد اہل خانہ کو گاڑی کی حفاظت اور ممکنہ چوری کے حوالے سے تشویش لاحق ہوگئی۔

گاڑی کو محفوظ رکھنے کے لیے خاندان نے منفرد فیصلہ کرتے ہوئے اسے کرین کے ذریعے گھر کی دوسری منزل پر پہنچا دیا۔

گاڑی کو ہوا میں بلند کرکے چھت تک منتقل کرنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔

صارفین کی جانب سے اس دلچسپ اقدام پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، جبکہ کئی افراد نے گاڑی کو چوری سے بچانے کے اس طریقے کو انتہائی غیر معمولی قرار دیا ہے۔