ایران سے جنگ جیتنے کے بعد پٹرول سستا ہوجائے گا، ٹرمپ
امریکا میں پٹرول کی قیمت تقریباً 3 ڈالر فی گیلن تک آسکتی ہے، جبکہ مستقبل میں یہ 2 ڈالر فی گیلن سے بھی کم ہونے کی توقع ہے۔
فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیشگوئی کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں امریکا کی کامیابی اور تنازع ختم ہونے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آسکتی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد خام تیل کی قیمتیں بہت تیزی سے نیچے آنے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق امریکا میں پٹرول کی قیمت تقریباً 3 ڈالر فی گیلن تک آسکتی ہے، جبکہ مستقبل میں یہ 2 ڈالر فی گیلن سے بھی کم ہونے کی توقع ہے۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کو آئندہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال نے عالمی تیل کی منڈی میں بے یقینی پیدا کر رکھی ہے۔ جنگ کے باعث تیل کی عالمی رسد متاثر ہونے کے خدشات کے نتیجے میں قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھا ہے۔
حالیہ دنوں میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 98 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق جنگ ختم ہونے کے بعد حالات تیزی سے معمول پر آ سکتے ہیں، تاہم پٹرول کی قیمت 2 ڈالر فی گیلن سے نیچے آنے کی پیشگوئی فی الحال ایک سیاسی دعویٰ ہے۔ اس کا انحصار جنگ کے خاتمے، عالمی تیل کی رسد، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور بین الاقوامی منڈی کے ردعمل پر ہوگا۔