روس کا سینٹ پیٹرزبرگ میں جرمن قونصل خانہ بند کرنے کا حکم

ماسکو نے یہ اقدام جرمنی کی جانب سے روسی سفارتی و ثقافتی مراکز کے خلاف کیے گئے فیصلوں کے جواب میں قرار دیا ہے۔

September 8, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

روس نے سینٹ پیٹرزبرگ میں جرمنی کے قونصل خانے کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے 18 ستمبر 2026 تک اپنی سرگرمیاں ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کے مطابق قونصل خانے کا عملہ بھی روس چھوڑ دے گا۔ ماسکو نے یہ اقدام جرمنی کی جانب سے روسی سفارتی و ثقافتی مراکز کے خلاف کیے گئے فیصلوں کے جواب میں قرار دیا ہے۔

جرمنی نے حال ہی میں بون میں روسی قونصل خانے اور برلن میں روسی ثقافتی مرکز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ برلن کا مؤقف تھا کہ یہ اقدام لیپزگ اور ہالے کے ہوائی اڈے پر مبینہ روسی ڈرون سرگرمیوں سے متعلق معاملے کے تناظر میں کیا گیا، تاہم روس نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

روس نے جوابی اقدام کے طور پر سینٹ پیٹرزبرگ میں جرمن قونصل خانے کی بندش کے علاوہ ملک میں گوئیتھ انسٹیٹیوٹ کے مراکز بھی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

روس اور جرمنی کے درمیان پہلے ہی کشیدہ سفارتی تعلقات کے تناظر میں دونوں جانب سے سفارتی اداروں کی بندش کے حالیہ فیصلوں کو دوطرفہ تعلقات میں مزید تناؤ کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔