پہلی بیوی سے مل کر تیسری بیوی قتل کردی، ملزم کراچی سے گرفتار
مقتولہ بشریٰ بی بی ملزم کی تیسری اہلیہ تھی، جسے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور کے علاقے گجر پورہ میں خاتون کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے مرکزی ملزم کو اس کے ساتھیوں سمیت کراچی سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں مقتولہ کے شوہر، اس کی پہلی بیوی، بیٹا اور ہم زلف شامل ہیں۔ مقتولہ بشریٰ بی بی ملزم کی تیسری اہلیہ تھی، جسے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم نے پیشہ ورانہ طریقہ کار اور انسانی ذرائع سے حاصل معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت دیگر افراد کو کراچی سے حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران مبینہ آلۂ قتل پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے کا چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ خواتین کے قتل میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔