حوثیوں کے حملے جاری رہے تو سنگین نتائج ہوں گے: سعودی عرب کی وارننگ

ملک کو اپنی خودمختاری کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔

September 8, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سعودی عرب نے یمنی حوثیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر بے گناہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

سعودی وزارت خارجہ نے سعودی شہروں پر ہونے والے حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 73 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

سعودی حکام نے بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنائے جانے اور عالمی بحری تجارت کو لاحق بڑھتے ہوئے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب اپنی سرزمین اور قومی صلاحیتوں کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔ سعودی قیادت نے واضح کیا ہے کہ ملک کو اپنی خودمختاری کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور ان کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو حوثیوں کو اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے۔