کنگ ایڈورڈ کے20 افغان طلبہ کے بعد فاطمہ جناح کالج سے21 افغان طالبات بھی فارغ
لاہور کی دونوں طبی جامعات میں مجموعی طور پر 41 افغان طلبا و طالبات فارغ کیے گئے۔
فائل فوٹو
لاہور : کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے 20 افغان طلبہ کو نکالے جانے کے بعد فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور نے بھی 21 افغان طالبات کو باضابطہ طور پر فارغ (ریلیو) کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی نئی پالیسی اور ہدایات کی روشنی میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی ہے۔
کالج پرنسپل کی جانب سے جاری باضابطہ مراسلے کے مطابق کارروائی پی ایم ڈی سی کے خط کی روشنی میں کی گئی۔ نوٹیفکیشن میں متاثرہ افغان طالبات کو 24 گھنٹوں کے اندر پرنسپل آفس کے ذریعے ہوسٹل کلیئرنس اور تمام ضروری انتظامی لوازمات مکمل کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے 20 افغان طلبہ کو نکال دیا ہے، جن میں سے 5 طلبہ فائنل ایئر کے سٹوڈنٹ تھے۔