راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن، 55 کارکن زیر حراست
پاکستان تحریک انصاف زبیر خان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا، پولیس بیٹے شجاع اور گلی سے سیکورٹی گارڈ کو ساتھ لے گئی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے اب تک 55 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد راولپنڈی پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ضلع بھر میں ٹارگٹیڈ کارروائیوں کے دوران 55 کارکنوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کریک ڈاون میں آج مزید تیزی لائی جائے گی، پی ٹی آئی کے متحرک کارکنوں کی گرفتاری کے لیے مزید لسٹیں جاری کردی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب رہنما پاکستان تحریک انصاف زبیر خان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا، زبیر خان کے موجود نہ ہونے پر پولیس بیٹے شجاع اور گلی سے سیکورٹی گارڈ کو ساتھ لے گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کے دوران گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہونے کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے تناظر میں مزید اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔