ڈبلیو ڈبلیو ای لیجنڈ رِک فلیئر ریسٹورنٹ کے باہر گرنے کے بعد اسپتال منتقل
77 سالہ سابق عالمی چیمپئن کے خون میں لوتھڑے کی نشاندہی کے چند گھنٹے بعد تشویشناک واقعہ پیش آیا
ڈبلیو ڈبلیو ای لیجنڈ رِک فلیئر فلوریڈا میں ریسٹورنٹ کے باہر اچانک گر پڑے، 77 سالہ سابق عالمی چیمپئن کو چہرے پر چوٹیں آنے کے بعد ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا، واقعے سے چند گھنٹے قبل ان کے خون میں لوتھڑے کی نشاندہی ہوئی تھی۔
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے لیجنڈ رِک فلیئر کو امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر اچانک گرنے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ تشویشناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب 77 سالہ رِک فلیئر نے چند گھنٹے قبل ہی انکشاف کیا تھا کہ ان کے خون میں لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کی نشاندہی ہوئی ہے۔
ٹی ایم زیڈ کے مطابق ٹمپا میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر گرنے کے بعد ایمرجنسی سروسز کے عملے نے رِک فلیئر کو طبی امداد فراہم کی۔ 16 مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والے ریسلر کو اسٹریچر پر منتقل کرکے ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں دو مرتبہ شامل کیے جانے والے ریسلر اس وقت واگاماما نامی ریسٹورنٹ میں موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بار سے اٹھے، اپنا موبائل فون اور مشروب وہیں چھوڑا اور سڑک پار کرنے کے لیے چل پڑے۔
بعد ازاں سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن اچانک ریسٹورنٹ کے باہر گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کے چہرے پر چوٹیں آئیں۔ واقعے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔