امریکی حملوں کے بعد ایران کا اردن میں امریکی اڈے پر میزائل حملہ

ایران کی جانب سے میزائل حملے کے بعد اردن میں موجود امریکی دفاعی نظام کو فعال کردیا گیا، جس کا مقصد ایرانی میزائلوں کو روکنا تھا۔

September 9, 2026 · اہم خبریں
فوٹو سوشل میڈیا(ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا(ایکس)

  امریکی کارروائی کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کی جانب میزائل داغ دیے ہیں۔

روسی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے میزائل حملے کے بعد اردن میں موجود امریکی دفاعی نظام کو فعال کردیا گیا، جس کا مقصد ایرانی میزائلوں کو روکنا تھا۔

اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فورسز نے ایران کے 5 خام تیل بردار بحری جہازوں کو کارروائی میں نشانہ بنایا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اصفہان، تہران، تبریز اور خرم آباد سے امریکی فوجی اڈوں کی جانب متعدد میزائل فائر کیے گئے، جبکہ اردن میں موجود امریکی فوجی اڈے کو بھی دو درجن سے زائد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق اردن میں امریکی فوجی تنصیب کے اطراف متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دو روز کے دوران امریکی بحری جنگی جہاز کو بیلسٹک میزائلوں سے دو مرتبہ نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس کے بعد امریکی فورسز نے ایرانی آئل ٹینکرز کے خلاف کارروائی کی۔

دوسری جانب ایرانی بحریہ نے کویت اور بحرین کی بندرگاہوں کے قریب موجود آئل ٹینکرز کے عملے کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے بحری جہازوں سے فوری انخلا کریں جہاں امریکی اہلکار موجود ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں فوجی تصادم اور خلیج میں تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔