لاہور میں نادرا سے مشابہ جعلی ویب سائٹ چلانے والے 2 ملزمان گرفتار

ملزمان نے ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا ذاتی اور حساس ڈیٹا حاصل کرکے اس کی غیر قانونی خرید و فروخت کی۔

September 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: نادرا کے نام سے مشابہ جعلی ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں کا حساس ڈیٹا حاصل کرنے اور مبینہ طور پر فروخت کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان محمد ارسلان اور علی رضا کے قبضے سے تقریباً 3 ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا ذاتی اور حساس ڈیٹا حاصل کرکے اس کی غیر قانونی خرید و فروخت کی۔

ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والے ڈیٹا میں سم کارڈ کی ملکیت اور رجسٹریشن، سم ڈیٹا بیس، کال ڈیٹیل ریکارڈ (CDR) اور شہریوں کی لوکیشن سے متعلق معلومات شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ڈیٹا میں شہریوں کے فیملی ٹری سمیت مختلف سرکاری اداروں سے متعلق حساس معلومات بھی موجود ہیں۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے ’منی نادرا‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جس کے ذریعے نادرا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے ساتھ حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ’کھوجی‘ نامی پلیٹ فارم تک رسائی کا مبینہ طور پر کام کیا جاتا تھا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والے 3 ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فارنزک تجزیہ جاری ہے، جس کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ڈیٹا کے غیر قانونی استعمال میں ملوث دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔