محسن نقوی نے جدید تھانہ آبپارہ کا افتتاح کردیا
تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پولیس تھانوں کو جدید اور شہریوں کے لیے زیادہ سہولت بخش بنانے کے منصوبے کے تحت تھانہ آبپارہ کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کیا اور مختلف شعبوں کا دورہ کرکے وہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے ایس ایچ او آفس، تنازعات کے حل کی کمیٹی، انکوائری آفس، انتظار گاہ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف کاؤنٹرز پر شہریوں کے لیے دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے تنازعات کے حل کی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور شہریوں کے مسائل کے حل میں کمیٹی کے کردار کو سراہا۔
اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے لگی، تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کر دیا
وفاقی وزیر داخلہ نے تھانہ آبپارہ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا pic.twitter.com/ZfGmAjc4VE
— Ali Tanoli (@alitanoli889) September 9, 2026
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی یقینی بنائی جائے اور کسی سائل کو بلاوجہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہو۔
وفاقی وزیر داخلہ کو تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔