پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل
لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کریں گے، جبکہ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر سماعت کے لیے تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کریں گے، جبکہ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے گزشتہ سماعت کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق ایک تاجر نے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو احتجاج کے نتیجے میں ممکنہ نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق قوانین پہلے سے موجود ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اٹارنی جنرل پاکستان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی نہ ملنے کے معاملے پر 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔