سعودی طیاروں نے یمن میں متعدد حملے کیے: یمنی ٹی وی

سعودی طیاروں نے صوبہ الجوف کے ضلع خب والشعف میں 5، مارب کے علاقے صرواح میں 10 جبکہ تعز میں بھی 5 فضائی حملے کیے۔

September 9, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

صنعا: یمنی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف صوبوں میں متعدد فضائی حملے کیے ہیں، تاہم سعودی قیادت میں قائم اتحادی فورس کی جانب سے ان حملوں کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔

یمنی ٹی وی کے مطابق سعودی طیاروں نے صوبہ الجوف کے ضلع خب والشعف میں 5، مارب کے علاقے صرواح میں 10 جبکہ تعز میں بھی 5 فضائی حملے کیے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے سرحدی ضلع غمر میں بھی سعودی فورسز کی جانب سے بمباری کی گئی۔

دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ان حملوں سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

ادھر سعودی سول ڈیفنس نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر خمیس مشیط سمیت بعض علاقوں میں شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے الرٹس جاری کیے ہیں۔

یہ پیش رفت ایک روز قبل سعودی عرب میں یمنی حوثی جماعت انصار اللہ کے حملوں میں 73 افراد کے زخمی ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔

گزشتہ حملوں کے بعد سعودی اتحادی فورس نے حوثیوں کو سخت جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ حوثیوں نے سعودی شہروں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

سعودی اتحادی فورس کا کہنا تھا کہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا مناسب اور سخت جواب دیا جائے گا۔