خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی،11 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے وابستہ تھے۔

September 9, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے وابستہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بند کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

دوسری کارروائی 7 ستمبر کو واشک میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم بنانے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رکھنے کا بتایا ہے تاکہ باقی دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کیا جاسکے۔