پی ٹی اے کا غیر فعال سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کرنے کا فیصلہ

موبائل نمبر بروقت تبدیل کرنے سے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی اور کنٹرول برقرار رکھ سکیں گے۔پی ٹی اے

September 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیر فعال، منسوخ یا زیر استعمال نہ رہنے والے موبائل نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ایسے موبائل نمبرز جو اب فعال نہیں رہے، ان سے منسلک بعض واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ایسے موبائل نمبرز کے ساتھ منسلک رکھیں جو ان کے زیر استعمال اور فعال ہوں۔ جن صارفین نے حال ہی میں اپنا موبائل نمبر تبدیل کیا ہے، انہیں واٹس ایپ میں موجود نمبر تبدیل کرنے کے اختیار کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل نمبر بروقت تبدیل کرنے سے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی اور کنٹرول برقرار رکھ سکیں گے۔

اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سمز کی موجودہ حیثیت بھی چیک کریں اور اگر کوئی نمبر غیر فعال ہوچکا ہے تو اسے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے ہٹا کر ضروری کارروائی مکمل کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق غیر فعال نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کسی بھی وقت شروع کی جا سکتی ہے۔