سینٹکام نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا ایرانی دعویٰ مسترد کردیا
امریکی افواج نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایران کے 10 آئل ٹینکروں کو بھی تباہ کیا ہے۔سینٹکام
فائل فوٹو
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی بحری جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی فورسز کے تمام حملے ناکام رہے اور کسی امریکی جنگی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا۔
سینٹکام کے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی افواج نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایران کے 10 آئل ٹینکروں کو بھی تباہ کیا ہے۔ امریکی کمانڈ کا کہنا ہے کہ یہ ٹینکرز ایک خفیہ نیٹ ورک کا حصہ تھے، جس کی مالیت کئی ارب ڈالر بتائی گئی ہے اور یہ نیٹ ورک مبینہ طور پر پاسداران انقلاب کو مالی معاونت فراہم کرتا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران ان آئل ٹینکروں کو امریکی کارروائی سے بچانے میں ناکام رہا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی حملے کے جواب میں آبنائے ہرمز میں دو امریکی بحری جہازوں، آٹھ آئل ٹینکروں اور 10 دیگر بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حملوں میں کوئی امریکی بحری جنگی جہاز نشانہ نہیں بنا۔