پاکستان کی سمندری سرحد کی حفاظت کرتے ہوئے بحریہ کے دو اہلکار شہید

شعیب الرحمان اور غفران ناصر نے فرائض انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا

September 9, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پاک بحریہ کے دو اہلکار سمندر میں سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے گشت کے دوران شہید ہوگئے۔

پاک بحریہ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) کے مطابق شعیب الرحمان (PMA-IV) اور غفران ناصر (PMT-II) نے سمندر میں سکیورٹی کے لیے گشت کی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

بیان کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پاک بحریہ کے سینئر حکام نے تلہ گنگ میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔

پاک بحریہ نے رواں سال مارچ میں قومی بحری جہاز رانی اور سمندری تجارت کو درپیش مختلف نوعیت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشن محافظ البحر شروع کیا تھا۔

پاک بحریہ کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں بدلتی ہوئی بحری سکیورٹی صورتحال اور اہم سمندری راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے، جبکہ آپریشن کا مقصد اہم سمندری راستوں کو محفوظ اور بلاتعطل رکھنا ہے۔