مصر: جیزہ میں مسافر ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،4افراد جاں بحق،88زخمی
ٹرین کی رفتار اور ٹریک میں خرابی کے حوالے سے متعلقہ حکام نے تکنیکی تحقیقات کا آغاز کر دیا
قاہرہ: مصر کے صوبہ جیزہ میں ٹرین کا ایک اور بڑا حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 4افراد جاں بحق،88 زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ دارالحکومت قاہرہ سے اسوان جانے والی ایک مسافر ٹرین کو جیزہ جنکشن کے قریب پیش آیا۔ ٹرین کی رفتار اور ٹریک میں خرابی کے حوالے سے متعلقہ حکام نے تکنیکی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
مصری وزارتِ صحت نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ہنگامی حالت نافذ کر دی۔ زخمی مسافروں کو بروقت طبی امداد دینے اور اسپتالوں تک پہنچانے کے لیے جائے وقوعہ پر72 ایمبولینسز روانہ کی گئیں، جن کے ذریعے تمام زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
مصری وزیرِ صحت ڈاکٹر خالد عبدالغفار نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملک کے تمام متعلقہ اسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام شہریوں کو بہترین اور فوری طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہیں، اور محکمہ صحت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔