مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان پر پشاور میں مقدمے کی درخواست دائر

وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو صوبائی منافرت اور پاکستان کی سالمیت پر حملہ قرار دے دیا گیا۔

September 9, 2026 · قومی
مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان پر پشاور میں مقدمے کی درخواست دائر

مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان پر پشاور میں مقدمے کی درخواست دائر

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان کو متنازع، اشتعال انگیز اور صوبائی منافرت پھیلانے کا باعث قرار دیتے ہوئے پشاور میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانہ شرقی میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

مریم نواز کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست وکلا انعام اللہ یوسفزئی اور نورشیر ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ہائی کورٹ میں وکالت کے پیشے سے منسلک ہیں اور 6 ستمبر کو عدالتی کارروائی سے فارغ ہونے پر پشاور ہائی کورٹ کے بار روم میں سوشل میڈیا اور اخبارات میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا بیان دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے سرکاری تقریب میں کہا کہ مجھے پڑوسی ملک سے زیادہ پڑوسی صوبوں سے دہشت گردی کا خطرہ ہے یعنی پنجاب کو پڑوسی ملکوں سے زیادہ خطرہ ہمسایہ صوبوں سے ہے۔ درخواست کے متن کے مطابق مریم نواز نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور صوبائی تعصب پر مبنی بیان دیا ہے، یہ بیان پاکستان کی سالمیت پر حملے کے مترادف ہے۔ وکلا نے مؤقف اپنایا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے سیکیورٹی اہلکار اور پولیس گزشتہ 3 برسوں سے دہشت گردی کا شکار ہیں،

یہ بیان عوام کی قربانیوں کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے نوجوانوں کی قربانیوں کی بھی توہین ہے لہٰذا وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 153A، 505 اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔