پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف بہت بڑا کریک ڈاؤن شروع ہو چکاہے،منیب فاروق کا دعویٰ

ممکنہ کارروائی کے لیے فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں اور بعض افراد کو گرفتار جبکہ کچھ کو ہاؤس اریسٹ کیے جانے کا امکان ہے

September 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سینئر صحافی منیب فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور ایسے افراد کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاری کی جا رہی ہے جو لوگوں کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

منیب فاروق کے مطابق متعلقہ اداروں کو خدشہ ہے کہ مستقبل میں کوئی ایسی صورتحال پیدا نہ ہو جس سے ملک میں دوبارہ انتشار جنم لے، اسی لیے احتیاطی اقدامات کے طور پر کارروائی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ممکنہ کارروائی کے لیے فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں اور بعض افراد کو گرفتار جبکہ کچھ کو ہاؤس اریسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق مختلف افراد کے خلاف مختلف قانونی دفعات کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

سینئر صحافی نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائی جمہوری اعتبار سے ایک بری مثال تصور کی جا سکتی ہے، تاہم اس کے حامیوں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا جا سکتا ہے کہ صوبائی حکومتیں ایسے حالات میں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں اور انہیں ممکنہ انتشار کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

تاہم منیب فاروق کے اس دعوے کے حوالے سے سرکاری سطح پر کسی بڑے کریک ڈاؤن یا گرفتاریوں کے منصوبے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔