فلپائن میں مسافر فیری میں آتشزدگی،5 افراد ہلاک،87 لاپتہ
فیری دارالحکومت منیلا سے کورون جا رہی تھی اور اس میں مجموعی طور پر 134 افراد سوار تھے، جن میں 117 مسافر اور 17 عملے کے ارکان شامل تھے۔
فائل فوٹو
فلپائن کے صوبہ پالاوان کے قریب مسافر فیری میں اچانک آگ بھڑکنے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 87 لاپتہ ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیری دارالحکومت منیلا سے کورون جا رہی تھی اور اس میں مجموعی طور پر 134 افراد سوار تھے، جن میں 117 مسافر اور 17 عملے کے ارکان شامل تھے۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران اب تک 42 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
فیری میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ خراب موسم اور سمندر میں بلند لہروں کے باعث ریسکیو ٹیموں کو کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو اداروں کی جانب سے لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔