کراچی: ڈپٹی اسپیکر کے گھر کے اسٹور روم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
گھر میں موجود افراد محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی: محمد علی سوسائٹی میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود گھریلو سامان جل کر خاکستر ہوگیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شارع فیصل کے قریب محمد علی سوسائٹی میں جمعرات کی صبح ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ گھر کے اسٹور روم میں لگی تھی، جس کے باعث اسٹور روم سے متصل واش روم بھی متاثر ہوا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں اسٹور روم میں موجود سامان جل گیا، تاہم گھر میں موجود افراد محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا، واقعے کی مزید جانچ جاری ہے۔