نائک سیف علی جنجوعہ شہید کا 78واں یومِ شہادت ، مسلح افواج کا ہیرو کو سلام

1948 کی جنگ کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے ملٹری سروس کی اعلیٰ ترین روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا،آئی ایس پی آر

October 26, 2026 · قومی
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

راولپنڈی : مسلح افواج اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید (ہلالِ کشمیر) کے 78 ویں یومِ شہادت کے موقع پر ان کی بے مثال شجاعت اور عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے تمام مسلح افواج کی جانب سے شہید کی باکمال بہادری اور وطن عزیز کے لیے دی جانے والی سپریم قربانی کو یاد کرتے ہوئے انہیں نہایت احترام اور عقیدت کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 1948 کی جنگ کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے حکمتِ عملی کے لحاظ سے انتہائی اہم ‘پیر کلیوہ راج’ کے دفاع کے دوران دشمن کے شدید حملوں کے سامنے بے مثال جرات اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود فرنٹ سے قیادت کی اور ملٹری سروس کی اعلیٰ ترین روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

مسلح افواج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہید کا یہ تاریخی اور دلیرانہ اقدام پاکستان کی مسلح افواج کے لازوال جذبے، ہمت، اور وطن کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کے پختہ عزم کی علامت ہے۔ پاک افواج اور غیور قوم ان کی اس عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کا نقشِ قدم آنے والی نسلوں کو ہمیشہ حب الوطنی اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اپنے شہدا کا ہمیشہ احسان مند رہے گا اور ان کی قربانیاں وطنِ عزیز کے لیے شجاعت، وقار اور خدمت کی راہ کو ہمیشہ روشن رکھیں گی۔