سولر سسٹم سے اضافی بجلی پیدا کرنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت

متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی جاری ہے

September 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سولر سسٹم کے ذریعے بجلی پیدا کرنے والے ایسے صارفین کے خلاف کارروائی مزید سخت کردی گئی ہے جو طے شدہ معاہدے اور منظور شدہ لوڈ سے زیادہ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بجلی کمپنیوں نے ایسے صارفین کی جانب سے اضافی پیدا کی جانے والی بجلی کو سسٹم میں شامل کرنا شروع کردیا ہے، جبکہ ان کے کریڈٹ میں موجود یونٹس بھی کم کیے جا رہے ہیں۔

صارفین کے کنکشنز کی جانچ ایکسپورٹ ایم ڈی آئی ریڈنگ کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران خلافِ ضابطہ سولر سسٹم استعمال کرنے والے سینکڑوں صارفین کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض صارفین نے بجلی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد مزید سولر پینلز نصب کرلیے، جس کے نتیجے میں وہ منظور شدہ لوڈ اور معاہدے میں طے شدہ حد سے زیادہ بجلی پیدا کرنے لگے۔

متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی جاری ہے، جبکہ سولر کنکشنز کی مزید جانچ بھی کی جا رہی ہے۔