اسحاق ڈار اور ترک ہم منصب کا علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

سعودی عرب اور مصر کے ساتھ ریجنل فور کے ذریعے علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

September 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران فلسطین کے معاملے پر پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ مؤقف کا اعادہ کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر برطانیہ کی جانب سے پابندی کے اقدام کی حمایت بھی کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر قریبی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب اور مصر کے ساتھ ریجنل فور کے ذریعے علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور حاقان فیدان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات نیویارک میں ہوگی۔