وفاقی حکومت کا نئے صوبوں پر قومی اسمبلی،سینیٹ میں بحث کرانے کا اعلان

اسلام آباد صوبہ نہیں بن رہا، نئے گورننس ماڈل کی جانب بڑھ رہے ہیں:طارق فضل چوہدری

September 10, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کرانے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہیں ہورہے، تاہم اکتوبر میں پارلیمان کے اجلاس ہوں گے، جن میں نئے صوبوں کے قیام پر بحث کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث کا اصل مقام پارلیمنٹ ہاؤس ہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے حوالے سے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد صوبہ نہیں بن رہا بلکہ ایک نئے گورننس ماڈل کی جانب جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ذرائع نے بتایا تھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی نظام کے بجائے نیا نظام متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت 27 رکنی اسمبلی ہوگی اور چیف ایگزیکٹیو کے لیے وزیراعلیٰ یا میئر کا عہدہ تخلیق کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں مقامی حکومتوں سے متعلق آرڈیننس کی مدت معیاد ختم ہوگئی ہے اور 9 جنوری 2026 کو جاری ہونے والے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو نافذ ہوئے 240 دن گزر گئے ہیں۔