بنگلادیش میں فوجی ٹینک میں خوفناک دھماکا
بنگلادیشی فوج کے اہلکار براہ راست گولہ باری کی تربیت میں مصروف تھے۔ اسی دوران چینی ساختہ ٹائپ 59 ٹینک کے جدید ماڈل میں اچانک دھماکا ہوا۔
فائل فوٹو
بنگلادیش میں فوجی مشق کے دوران چینی ساختہ ٹینک میں اچانک دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار ہلاک جبکہ ایک افسر شدید زخمی ہوگیا۔
واقعہ 9 ستمبر کو چٹگرام کے ایک فیلڈ فائرنگ رینج میں پیش آیا، جہاں بنگلادیشی فوج کے اہلکار براہ راست گولہ باری کی تربیت میں مصروف تھے۔ اسی دوران چینی ساختہ ٹائپ 59 ٹینک کے جدید ماڈل میں اچانک دھماکا ہوا۔
بنگلادیشی فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق دھماکے کے بعد ٹینک کے ڈرائیور کے حصے اور برج سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے جبکہ علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
حادثے کے نتیجے میں فوج کے دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک افسر شدید زخمی ہوا۔ زخمی افسر کو فوری طبی امداد کے لیے دارالحکومت ڈھاکہ کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ ٹینک میں موجود عملے کے ارکان بھی جھٹکے سے ہوا میں اچھل گئے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
حادثے کے بعد چینی ساختہ فوجی سازوسامان کے معیار اور اس کی کارکردگی سے متعلق بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں، تاہم دھماکے کی حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔