لکی مروت،11مقدمات میں مطلوب اشتہاری ساتھی سمیت مارا گیا
طاہر شاہ پیزو کے پہاڑی علاقوں میں گاڑیوں کے مسافروں اور ڈرائیوروں کو لوٹنے والے گروہ کا سرغنہ تھا
فائل فوٹو
لکی مروت: پیزو کے پہاڑی علاقے میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 11 سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری طاہر شاہ اپنے ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی شیخ بدین کے پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع ملنے پر کی گئی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ انتہائی مطلوب اشتہاری طاہر شاہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ علاقے میں موجود ہے، جس پر ڈی پی او لکی مروت کی ہدایت پر پیزو پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ سرچ آپریشن شروع کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ مقام کے قریب پہنچنے پر مسلح ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کا جواب دیا۔ کچھ دیر تک دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تو طاہر شاہ اور اس کا ایک ساتھی ہلاک حالت میں ملے۔ پولیس کے مطابق دوسرے ملزم کی شناخت عابد ولد زرولی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا مزید مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق طاہر شاہ پیزو کے پہاڑی علاقوں میں گاڑیوں کے مسافروں اور ڈرائیوروں کو لوٹنے والے گروہ کا سرغنہ تھا۔ اس کے خلاف قتل، اقدام قتل، چوری، ڈکیتی، منشیات، پولیس پر فائرنگ اور غیر قانونی اسلحے سمیت 11 مقدمات درج تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ڈی پی او لکی مروت نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب لکی مروت کے علاقے مشہ منصور کے قریب فائرنگ کے ایک الگ واقعے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو مطلوب اشتہاری ڈاکو آفتاب اور اس کا ساتھی بلاول شامل ہیں، جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر افتخار علی بھی جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آفتاب اور بلاول کا تعلق چوارخیل سے تھا اور دونوں مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔