11 ستمبر کے حملوں کو کبھی بھلایا نہیں جائے گا:ڈونلڈ ٹرمپ
11 ستمبر 2001 کو دہشت گردوں نے ہائی جیک کیے گئے طیاروں کے ذریعے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون کو نشانہ بنایا تھا،
فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے پینٹاگون میں منعقدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی، جہاں نائن الیون کے دور کی قومی سلامتی مشیر کونڈولیزا رائس بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے امریکا پر ہونے والے طیارہ حملوں کے بعد شروع کی گئی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو موجودہ ایران جنگ سے جوڑتے ہوئے کہا کہ امریکا اسی سلسلے میں آج بھی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا۔
دوسری جانب نیویارک میں بھی نائن الیون حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق امریکی صدور جارج ڈبلیو بش، جو بائیڈن، براک اوباما اور بل کلنٹن نے شرکت کی۔
موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے، تاہم ان کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس نے کی۔
11 ستمبر 2001 کو دہشت گردوں نے ہائی جیک کیے گئے طیاروں کے ذریعے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون کو نشانہ بنایا تھا، جبکہ ایک اور طیارہ پنسلوینیا میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
ان حملوں میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حملوں کی یاد میں منعقدہ تقریبات کے دوران متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔