برکس عشائیے میں ملائیشین وزیراعظم کی گلوکاری، ویڈیو وائرل
کشور کمار کا مشہور نغمہ ’’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘‘ اور مکیش کا مقبول گیت ’’دوست دوست نہ رہا‘‘ پیش کیا۔
برکس عشائیے میں ملائیشین وزیراعظم کی گلوکاری، ویڈیو وائرل
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے نئی دہلی میں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی عشائیہ تقریب میں ہندی فلمی گیت گا کر شرکا کو حیران کر دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں انور ابراہیم پیانو کی دھن کے ساتھ بالی ووڈ کے معروف گیت گاتے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کشور کمار کا مشہور نغمہ ’’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘‘ اور مکیش کا مقبول گیت ’’دوست دوست نہ رہا‘‘ پیش کیا۔
تقریباً ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو میں ملائیشین وزیراعظم دونوں گیتوں کے چند حصے گاتے نظر آئے۔ انہوں نے بعد ازاں یہ ویڈیو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی اور مزاحیہ انداز میں گانے کی اجازت مانگنے سے متعلق جملہ بھی لکھا۔
’’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘‘ فلم ’’تین دیویاں‘‘ کا گیت ہے، جبکہ ’’دوست دوست نہ رہا‘‘ فلم ’’سنگم‘‘ میں شامل تھا۔ دونوں گیت بھارتی فلمی موسیقی کے مقبول نغموں میں شمار ہوتے ہیں۔
انور ابراہیم اس سے قبل بھی بھارتی فلمی موسیقی سے اپنی دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔ فروری 2026 میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ ملائیشیا کے دوران انہوں نے ایک سرکاری ویڈیو مونٹیج شیئر کیا تھا جس میں بالی ووڈ فلم کے معروف گیت کا استعمال کیا گیا تھا۔
انور ابراہیم نومبر 2022 سے ملائیشیا کے وزیراعظم کے منصب پر فائز ہیں۔ اس سے قبل وہ ملک کے نائب وزیراعظم کی ذمہ داری بھی انجام دے چکے ہیں۔