آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کی امریکا کو 7 شرائط

مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

September 13, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ایران نے آبنائے ہرمز کی بحالی اور اسے کھولنے کے معاملے پر امریکا کے سامنے سات شرائط رکھ دی ہیں، تاہم ان شرائط کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

روسی میڈیا کے مطابق ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا کو اپنی شرائط سے آگاہ کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان پیر کو طے پانے والے معاہدے کا مقصد آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنا نہیں ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق پیر کو مسقط میں ایک اجلاس منعقد ہوگا، جس میں عراق اور خلیجی ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شرکا کو متبادل بحری راستے اور ٹرانزٹ سے متعلق انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان طے پانے والے انتظام کے تحت خلیج فارس میں داخلے کا راستہ مکمل طور پر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا، جبکہ خلیج فارس سے باہر نکلنے والا راستہ جزوی طور پر ایرانی پانیوں میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹرانزٹ ایرانی پروٹوکول کے تحت ہوگا، جبکہ جنوبی راستہ، جسے امریکا کھولنے کا مطالبہ کر رہا ہے، بند رکھنے کی بات کی گئی ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کے ذریعے عالمی سطح پر بڑی مقدار میں تیل اور توانائی کی ترسیل ہوتی ہے، جس کے باعث اس سے متعلق کسی بھی پیش رفت کے عالمی توانائی منڈی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔