60 روز میں 100 تجارتی جہاز واپس بھیجے گئے،سینٹ کام کا دعویٰ
اس کارروائی کا مقصد ایران کی بندرگاہوں سے تجارتی سرگرمیوں کو محدود کرنا اور تہران کی آمدنی کے ذرائع کو متاثر کرنا ہے۔
فائل فوٹو
فلوریڈا: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں کی مبینہ بحری ناکہ بندی کے دوران گزشتہ 60 روز میں تقریباً 100 تجارتی بحری جہازوں کو روکا گیا یا واپس بھیج دیا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی تجارتی جہاز کو امریکی اجازت کے بغیر مبینہ ناکہ بندی سے گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ایران کی بندرگاہوں سے تجارتی سرگرمیوں کو محدود کرنا اور تہران کی آمدنی کے ذرائع کو متاثر کرنا ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف بحری پابندیوں اور تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ سے آبنائے ہرمز میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔