مشترکہ ٹی وی صارفین کیلئے یوٹیوب کا نیا پرائیویسی فیچر متعارف
صارف اپنے یوٹیوب پروفائل کو 4 ہندسوں کے کوڈ کے ذریعے لاک کرسکے گا۔
فائل فوٹو
کیلیفورنیا: یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی یا دیگر ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کی پروفائل پرائیویسی کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارف اپنے یوٹیوب پروفائل کو 4 ہندسوں کے کوڈ کے ذریعے لاک کرسکے گا۔
یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کے مطابق ’اکاؤنٹ لاک‘ فیچر اب دنیا بھر میں صارفین کے لیے دستیاب کیا جا رہا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے گھر کے دیگر افراد لاک شدہ پروفائل تک رسائی حاصل نہیں کرسکیں گے، نہ سبسکرپشنز دیکھ سکیں گے اور نہ ہی ویڈیوز کی سفارشات میں تبدیلی کر سکیں گے۔
پروفائل لاک کرنے کے لیے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کی بائیں جانب موجود نیویگیشن بار میں سیٹنگز کے ذریعے فیچر فعال کیا جاسکتا ہے۔ یہ لاک ہر ڈیوائس کے لیے الگ ہوگا، یعنی مختلف ٹی وی یا ڈیوائسز پر یوٹیوب استعمال کرنے کی صورت میں ہر ڈیوائس پر الگ لاک سیٹ کرنا ہوگا۔
یوٹیوب کے مطابق صارف کو ہر مرتبہ ریموٹ سے 4 ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد موبائل فون پر موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے اسے ان لاک کیا جاسکے گا، تاہم اس کے لیے متعلقہ نوٹیفکیشن فیچر فعال ہونا ضروری ہے۔
اگر صارف اپنا کوڈ بھول جائے تو ٹی وی اسکرین پر موجود ’فارگٹ پاس ورڈ‘ کے آپشن کے ذریعے گوگل اکاؤنٹ کی معلومات استعمال کرکے پروفائل دوبارہ کھولا جاسکتا ہے اور نیا کوڈ بھی ترتیب دیا جاسکتا ہے۔
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ 4 ہندسوں کا یہ کوڈ اکاؤنٹ کے اصل پاس ورڈ کا متبادل نہیں ہے بلکہ مشترکہ ڈیوائسز پر صارف کی پروفائل اور ذاتی ترجیحات کو محفوظ رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔