یمنی فورسز کا 5 حوثی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ
ڈرونز کو صوبہ الاغبرہ کے ایک علاقے میں جاری جھڑپوں کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
فائل فوٹو
صنعا: یمن کی نیشن شیلڈ فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثی گروپ کے 5 ڈرونز مار گرائے ہیں۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق نیشن شیلڈ فورس کی چھٹی بریگیڈ نے بتایا کہ ڈرونز کو صوبہ الاغبرہ کے ایک علاقے میں جاری جھڑپوں کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت سے وابستہ ویب سائٹ ستمبر نیٹ کے مطابق یمنی فضائیہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فضائی کارروائیوں کے دوران حوثیوں کا عسکری سازوسامان تباہ ہوا اور متعدد جنگجو ہلاک ہوئے، تاہم ہلاکتوں یا زخمیوں کی حتمی تعداد نہیں بتائی گئی۔
تاحال حوثی گروپ کی جانب سے یمنی فورسز کے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔