جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، واسا راولپنڈی ہائی الرٹ

سید پور میں 15 ملی میٹر، گولڑہ میں 36 ملی میٹر جبکہ بوکرہ میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

September 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سید پور میں 15 ملی میٹر، گولڑہ میں 36 ملی میٹر جبکہ بوکرہ میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے پیرودھائی میں 34 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 36 ملی میٹر اور شمس آباد میں 35 ملی میٹر بارش ہوئی۔

بارش کے پیش نظر واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں عملہ تعینات ہے، جبکہ پانی کی فوری نکاسی کے لیے بھاری مشینری بھی تیار رکھی گئی ہے۔

ادھر کھاریاں میں بھی علی الصبح ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کو شدید گرمی سے عارضی ریلیف مل گیا۔