اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش، کب تک چلے گی

نیا مون سون سسٹم اثر انداز- 17 ستمبر تک مزید بارشیں جاری رہیں گی- محکمہ موسمیات

September 15, 2026 · قومی
اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش، کب تک چلے گی

اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش، کب تک چلے گی

ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے ممکنہ بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی میں مری روڈ، صادق آباد، راجا بازار، شمس آباد، کچہری، نیو کٹاریاں، چکلالہ اور پیرودہائی کے علاقوں میں بادل کھل کر برسے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں مجموعی طور پر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سیدپور میں 6، گولڑہ 18، بوکڑہ 15 اور پی ایم ڈی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس کے علاوہ شمس آباد میں 18، کچہری میں 3، پیرودہائی میں 16 اور کٹاریاں میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح محفوظ حد تک ریکارڈ کی گئی۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال اور بھارت میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش اور ملحقہ علاقوں پر موجود اس سسٹم کے تحت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 15 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں بارش متوقع ہے، جبکہ 14 سے 15 ستمبر کے دوران سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ڈویژن میں بھی 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سندھ نے تفصیلی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیان چند ایسرانی کے مطابق پی ڈی ایم اے اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ عملہ اور مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے بھی 17 ستمبر تک ملک کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔