پولیس چھاپے کے دوران جھلسنے والا پی ٹی آئی کارکن انتقال کرگیا
اشتیاق کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 18 روز تک زیر علاج رہا، تاہم 13 ستمبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
فائل فوٹو
لاہور کے علاقے راج گڑھ میں مبینہ پولیس چھاپے کے دوران ابلتے ہوئے تیل میں گر کر شدید جھلسنے والا پی ٹی آئی کارکن 18 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔
ذرائع کے مطابق 26 اگست کو 12 ربیع الاول کے موقع پر میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے لنگر کی تقسیم جاری تھی کہ پولیس کے مبینہ چھاپے کے دوران پیدا ہونے والی افراتفری میں اشتیاق نامی پی ٹی آئی کارکن ابلتے ہوئے تیل کی کڑاہی میں جا گرا اور بری طرح جھلس گیا۔
اشتیاق کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 18 روز تک زیر علاج رہا، تاہم 13 ستمبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اشتیاق کے انتقال کے بعد واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کرا دی گئی، جس میں واقعے کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی اور متاثرہ خاندان کو حکومتی معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اشتیاق کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر آئینی اور قانونی فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔