محسن نقوی سے لبنانی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات

دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے اور مختلف جرائم کی روک تھام کے لیے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

September 15, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا ایکس

فوٹو سوشل میڈیا ایکس

لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے اور مختلف جرائم کی روک تھام کے لیے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

لبنانی وزیر داخلہ وزارت داخلہ پہنچے تو محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کیے گئے۔

ملاقات کے دوران دہشتگردی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر جرائم سمیت مختلف سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں جانب سے دہشتگردوں اور منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی مؤثر بنانے کے لیے انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور لبنان کے پولیس تربیتی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے انسداد منشیات کے شعبے میں پہلے سے موجود مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملاقات میں دونوں وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک نئی مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کرنے اور دوطرفہ رابطہ کاری بہتر بنانے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری داخلے کی سہولت کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ لبنانی وزیر داخلہ کا دورہ پاکستان اور لبنان کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ احمد الحجار نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لبنان کا برادر ملک ہے اور دونوں ممالک خصوصاً داخلی سکیورٹی سمیت مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

لبنانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور لبنان ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔