سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیک کا مستعفی ہونے کا اعلان

صدارتی منصب چھوڑنے کے بعد وہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

September 15, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیک نے اعلان کیا ہے کہ وہ 27 ستمبر 2026 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیگزینڈر ووچیک نے یہ اعلان 15 ستمبر کو ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صدارتی منصب چھوڑنے کے بعد وہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سربیا میں 25 اکتوبر 2026 کو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ صدر الیگزینڈر ووچیک کی جماعت ایس این ایس نے انہیں وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کردیا ہے۔

الیگزینڈر ووچیک آئینی طور پر تیسری مرتبہ صدر کے عہدے کے لیے امیدوار نہیں بن سکتے، کیونکہ وہ پہلے ہی دو مرتبہ سربیا کے صدر منتخب ہوچکے ہیں۔ ایسے میں صدارتی منصب سے دستبردار ہوکر وزارت عظمیٰ کا انتخاب لڑنا ان کے لیے سیاسی اقتدار برقرار رکھنے کا ایک اہم راستہ سمجھا جارہا ہے۔